پسرور: (دنیا نیوز) پسرور میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر مخالفین نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
دوہرے قتل کا افسوسناک واقعہ پسرور کے علاقے جسوراں میں پیش آیا جہاں گھات لگائے مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، گولیاں لگنے سے 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے۔
فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں ایک ملزم شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا جسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس دوران اسے گہری چوٹیں آئیں جس کی وجہ سے وہ جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی، جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد تینوں لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔