سیہون: (دنیا نیوز) درگاہ لعل شہباز قلندرؒ کے توشہ خانہ سے سونے کی چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سیہون پولیس نے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم مینیجر اوقاف زبیر بلوچ کو بھی گرفتار کرلیا ہے ، مقدمے میں نامزد علی رضا گوپانگ کی تلاش جاری ہے۔
محکمہ اوقاف کے مطابق لعل شہباز قلندرؒ کے مزار سے ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار کا سونا چوری ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، نگراں وزیراوقاف سندھ محمد عمر سومرو نے سونا چوری ہونے پر انکوائری کیلیئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
محکمہ اوقاف انکوائری کمیٹی نے سونا چوری معاملے میں منیجر اوقاف سیہون زبیر بلوچ کو قصور وار قرار دیتے ہوئے معطل کردیا ہے ، سیکرٹری اوقاف نے منیجرکیخلاف سونا چوری کا مقدمہ درج کرکے کیس اینٹی کرپشن سندھ کو بھیجنے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق مینجر اوقاف نے توشہ خانہ کی چابی اپنے قریبی دوست علی رضا نامی شخص کو دے رکھی تھی جو ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار کا سونا چوری کرکے فرار ہوگیا۔