سیہون: (دنیا نیوز) محکمہ اوقاف نے درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے توشہ خانہ سے قیمتی سونا چوری ہونے کا انکشاف کردیا۔
محکمہ اوقاف کے مطابق لعل شہباز قلندرؒ کے مزار سے ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار کا سونا چوری ہوا، سیکریٹری اوقاف سندھ منورعلی مہیسر نے سونا چوری ہونے کی تصدیق کردی۔
نگراں وزیراوقاف سندھ محمد عمر سومرو نے سونا چوری ہونے پر انکوائری کیلیئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی میں محکمہ اوقاف سکھر کے ایڈمنسٹریٹر ارشاد سموں، آڈٹ افسر اوقاف غلام رسول سومرو، اکائونٹس افسر محمد نواز پٹھان شامل ہیں۔
محکمہ اوقاف انکوائری کمیٹی نے سونا چوری معاملے میں منیجر اوقاف سیہون زبیر بلوچ کو قصور وار قرار دیتے ہوئے معطل کردیا، سیکرٹری اوقاف نے منیجرکیخلاف سونا چوری کا مقدمہ درج کرکے کیس اینٹی کرپشن سندھ کو بھیجنے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق مینجر اوقاف نے توشہ خانہ کی چابی اپنے قریبی دوست علی رضا نامی شخص کو دے رکھی تھی جو ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار کا سونا چوری کرکے فرار ہوگیا۔