بوریوالا: ڈاکوؤں نے باراتیوں کی وین لوٹ لی، مزاحمت پر 3 زخمی، وہاڑی سے ڈاکو گرفتار

Published On 26 December,2023 05:34 am

بورے والا: (دنیا نیوز) بورے والا میں تین ڈاکوؤں نے باراتیوں کو لوٹ لیا، مزاحمت پر 3 افراد کو گولیاں مار دیں، وہاڑی سے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

باراتیوں کی وین شادی میں شرکت کے بعد واپس آ رہی تھے کہ بورے والا کے علاقے تھانہ گگو منڈی کی حدود میں گھات لگائے بیٹھے 3 ڈاکوؤں نے وین کو روک لیا اور لوٹ مار شروع کر دی۔

لوٹ مار کے دوران باراتیوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی تو ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، گولیاں لگنے سے 3 باراتی شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب وہاڑی کے علاقے تھانہ ماچھیوال کی حدود میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا۔

ملزم کی شناخت ضیاء کے نام سے ہوئی، ملزم ڈکیتی، اقدام قتل سمیت 18 وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، پولیس نے ملزم کو تھانے منتقل کر کے مزید کارروائی شروع کر دی۔