لاہور: (دنیا نیوز) بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز ہو گیا، قتل کے مقدمات میں مطلوب 3 خطرناک اشتہاری متحدہ عرب امارت سے گرفتار کر لیے گئے۔
پنجاب پولیس لاہور کی ٹیم تینوں اشتہاریوں کو لے کر دبئی سے لاہور پہنچ گئی، رواں برس دیگر ممالک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 150 ہو گئی، ان اشتہاریوں کو امریکہ، برطانیہ، یورپ ، افریقہ ، سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور پولیس کو مطلوب اشتہاری ذیشان یوسف نے 2023ء میں شہری کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
اشتہاری ہدایت اللہ نے 2017ء میں رحیم یار خان میں شہری کو قتل کیا تھا، تیسرے اشتہاری محمد اکرم نے بہاولپور میں 2021ء میں شہری کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تینوں مجرمان وارداتوں کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے، پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹسز جاری کرائے، متحدہ عرب امارات پولیس کے ساتھ کوآرڈی نیشن سے تینوں مجرمان کو گرفتار کیا۔