کراچی: نامعلوم افراد کی دکان پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، ملزمان فرار

Published On 23 January,2024 02:08 am

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں نامعلوم افراد نے دکان پر فائرنگ کر کے 2 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

 

فائرنگ کا افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے موبینہ ٹاؤن میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار ملزموں نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر دودھ کی دکان میں موجود افراد پر گولیاں چلا دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں دونوں دوران علاج دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے دکان میں آکر صرف فائرنگ کی اور کسی سے کوئی چیز نہیں چھینی، فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گئے، مرنے والے افراد کی شناخت محمد ایوب اور عبدالباری کے ناموں سے ہوئی ہے، قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد تحقیقات شروع کر دیں، جلد ملزمان گرفتار کر لیے جائیں گے۔