ایف آئی اے کی کراچی میں کارروائی، اربوں کی سمگلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

Published On 29 January,2024 03:04 am

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی انویسٹی ایجنسی (ایف آئی اے) نے شہر قائد کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بڑا سمگلر گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی خالد بن ولید روڈ کے قریب کی گئی جہاں دبئی سے کراچی پہنچنے والے سمگلر کی موجودگی کی خفیہ معلومات پر چھاپہ مار کر ملزم ممتاز کو حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ملزم ممتاز سے متعدد انوائسز اور دیگر شواہد ملے ہیں۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم برانڈڈ پرفیومز دبئی سے کراچی غیر قانونی طور پر بھجوانے کا نیٹ ورک چلاتا تھا، ملزم پرانی سبزی منڈی سے پکڑے جانے والے ایک ارب کے سامان کا بھی مرکزی ملزم نکلا، گرفتار سمگلر کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔