کراچی: (دنیا نیوز) ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ مشتعل شہریوں نے تشدد کرکے 2 ڈاکوؤں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ سہراب گوٹھ گنا منڈی کے قریب پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے ایک شہری کو قتل کردیا جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
اسی دوران دو مسلح ڈاکو بھی شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے جبکہ دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، مشتعل شہریوں نے دونوں ڈاکوؤں کو شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شہری کی شناخت شیرگل کے نام سےہوئی جبکہ زخمی شہریوں کی شناخت صمدخان اورعبدالجبار کے ناموں سے ہوئی، جاں بحق شہری اور عوام کے ہاتھوں ہلاک ہونیوالے ڈاکوؤں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔