کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم بھی گرفتار کر لیا۔
کراچی کے علاقے لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ایک شخص کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، متاثرہ شخص کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں وہ دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملا۔
مقتول کی شناخت 47 سالہ اطہر حسین کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد مقدمہ درج کر لیا اور ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب نیو کراچی کے صباء سینما کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے بعد ازاں حراست میں لے لیا گیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہو گیا، گرفتار ملزم سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔