کراچی: مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

Published On 05 March,2024 02:39 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کسٹم سوسائٹی کے قریب 2 ڈاکو لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران 2 ملزم گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، ملزموں کی شناخت رشید اورغلام حسین کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں کے قبضہ سے دو پستول اور موٹرسائیکل برآمد کر لیا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 6 جلیبی چوک کے قریب پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ملزم کی شناخت محمد عادل کے نام سے ہوئی جو سنگین نوعیت کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔