کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈنڈا بردار افراد نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا، صوبائی وزیر داخلہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا جس کے بعد 15 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بن قاسم تھانے کی پولیس نے چوری کے مقدمے میں ایک شخص کو حراست میں لے رکھا تھا جسے چھڑانے کیلئے ڈنڈا بردار افراد نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا، پولیس نے ڈنڈا بردار افراد کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو چھڑانے کیلئے ایک گروہ نے اہلکاروں پر ڈنڈے برسا دیئے، واقعے کے بعد پولیس کی اضافی نفری بن قاسم تھانے میں طلب کر لی گئی اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیرداخلہ ضیا الحسن لنجار نے بن قاسم تھانے پر ڈنڈا بردار افراد کے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی اور ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی، وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں، اس قسم کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کئے جا سکتے۔