ملتان: (دنیا نیوز) چھاپے کے دوران ملزمان نے ایف آئی اے اہلکاروں کو یرغمال بناکر تشدد کا نشانہ بناڈالا، سرکاری گاڑی میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
ایف آئی اے ملتان کی ٹیم نے میاں چنوں کی اوڈ کالونی میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، جس کے بعد ملزمان نے ایف آئی اے ٹیم پردھاوا بول دیا ،گاڑی میں توڑ پھوڑ کی ملزمان نے3ایف آئی اے اہلکاروں کویرغمال بنا لیا۔
ملزمان نے ایف آئی اے اہلکاروں کوڈیرے پر لے جاکر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، کئی گھنٹے کے بعد پولیس نے یرغمالی ایف آئی اے اہلکاروں کو بازیاب کر لیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان خالد انیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں پر تشدد کا واقعہ افسوسناک ہے، ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
خالد انیس نے مزید کہا کہ ویڈیوز کی مدد سے تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا، زخمیوں کو ملتان نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔