کندھ کوٹ: کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے سکول ٹیچر کو شہید کر دیا

Published On 20 March,2024 02:50 am

کندھ کوٹ: (دنیا نیوز) کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے سکول جانے والے ٹیچر کو شہید کر دیا، صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

تفصیلات کے مطابق کندھ کوٹ کے قریب کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے علم کی روشنی پھیلانے والے استاد کو بھی نہ بخشا، پرائمری ٹیچر کو سکول جاتے ہوئے شہید کر دیا گیا، اللہ رکھیو نندوانی کچے کے ڈاکوؤں کے خطرے کے باوجود بچوں کو پڑھانے کیلئے سکول پہنچتے تھے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے پرائمری اسکول ٹیچر اللہ رکھیو نندوانی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے دو دن میں رپورٹ طلب کر لی، وزیر داخلہ نے کہا کہ کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن سے متعلق حکمت عملی آخری مراحل میں ہے، عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

دوسری جانب کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں سکول ٹیچر کے قتل کے بعد سندھ پولیس بھی حرکت میں آ گئی، اللہ رکھیو کے قتل میں ملوث 15 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جن میں 7 سہولت کاروں سمیت 8 دیگر ملزمان شامل ہیں، ملزموں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا، ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں اور مورچوں کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے۔
 

Advertisement