کراچی اور دیگر شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 7 گرفتار

Published On 22 March,2024 05:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک، 6 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک ڈاکو کی شہریوں نے درگت بنا ڈالی۔

کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ ایک کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ہلاک ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی۔

ادھر کراچی کے علاقے منگھو پیر میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کر کے سٹریٹ کرائم میں ملوث 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا، ملزموں سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا جہاں ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے شہر سکھر میں تھانہ ایئرپورٹ کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ڈاکو کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ تین فرار ہو گئے، گرفتار ڈاکو سے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا، فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

ادھر جیکب آباد کے علاقے ٹھل میں چور شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا، شہریوں نے چور کی درگت بنانے کے بعد اُسے پولیس کے حوالے کر دیا، ملزم کی شناخت مشتاق گولو کے نام سے ہوئی، پولیس نے ملزم سے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
 

Advertisement