کراچی اور حیدر آباد میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 3 گرفتار

Published On 22 May,2024 07:18 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور حیدر آباد میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 3 زخمیوں کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے کر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دوران علاج دم توڑ گیا، ہلاک ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھا۔

ادھر کراچی کے علاقے گلبہار حاجی مرید گوٹھ میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا، ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا، اے وی ایل سی پولیس نے کارروائی کر کے ایک ملزم حراست میں لے لیا۔

دوسری جانب حیدر آباد میں پولیس اور سٹریٹ کرمنلز میں مبینہ مقابلہ ہوا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ملزم کی شناخت عامر شاہ کے نام سے ہوئی، ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔