لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک شہری نے انسپکٹر جنرل پنجاب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر خود کو آگ لگالی۔
ذرائع کے مطابق آئی جی آفس کے باہر خود کو آگ لگانے والا شہری اصغر سہیل لاہور کے علاقے کماہاں کا رہائشی ہے، وہ گروی پر لیے گئے ایک مکان میں رہائش پذیر تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ مالک مکان کی جانب سے پیشگی نوٹس دیے بغیر گھر خالی کروانے پر احتجاج کے لیے آئی جی آفس پہنچا تھا، متاثرہ شخص صبح سے آئی جی آفس کے باہر پنجاب پولیس کے سربراہ سے ملاقات کے لیے انتظار میں بیٹھا تھا، سکیورٹی پر مامور حکام کی جانب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اس نے خود کو آگ لگالی، شہری کو بچاتے ہوئے پولیس اہلکار عادل بھی جھلس کر زخمی ہوگیا۔
متاثرہ شہری اصغر سہیل کو میوہسپتال منتقل کردیاگیا، واقعہ کی اطلاع ملنےپر تھانہ پرانی انارکلی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔