پولیس کی کارروائیاں، مقابلے، شہری جاں بحق، ڈاکو ہلاک، 3 گرفتار

Published On 07 June,2024 05:59 am

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی، حیدر آباد اور شکار پور میں پولیس کی کارروائیاں اور مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ڈاکو ہلاک، شہری جاں بحق، 2 راہگیر زخمی جبکہ 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے خمیسہ گوٹھ میں نامعلوم افراد نے ایک شخص کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا معلوم ہوتا ہے، ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 2 میں مبینہ ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ کارسوار نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، گولیاں لگنے سے 2 راہگیر بھی زخمی ہوئے ہیں، واقعے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

ادھر کراچی کے علاقے لیاری میں کلری پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائی کر کے ایک خطرناک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا جس کی شناخت شان عرف شانو کے نام سے ہوئی، تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب حیدر آباد کے علاقے سخی پیر پولیس کے ساتھ ستار شاہ قبرستان کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، اس دوران ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہو گیا، گرفتار ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

شکار پور میں پولیس اور رینجرز نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف مشترکہ کارروائی کر کے گینگ وار کے سرغنہ ملزم کو حراست میں لے لیا، گرفتار ملزم کی شناخت عطا محمد عرف عطو شیخ کے نام سے ہوئی، ملزم مرحوم شاہنواز بروہی کے بیٹے قادر بخش کے قتل کا ماسٹر مائنڈ تھا۔