حیدر آباد: (دنیا نیوز) حیدر آباد میں گیس سلنڈر دھماکے کا ایک اور زخمی ہسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 30 مئی کو حیدر آباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا تھا جس کے بعد آگ بھی بھڑک اٹھی، آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے۔
آگ لگنے کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 25 سے زائد افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں دوران علاج ایک اور زخمی زندگی کی بازی ہار گیا جس کی شناخت اجمل کے نام سے ہوئی، مرنے والوں کی مجموعی تعداد 24 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب حیدر آباد میں گیس سلنڈر دھماکے کے بعد ضلعی انتظامیہ کا ایل پی جی سلنڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، شہر میں ایل پی جی کی ایک دکان پر کارروائی کے دوران 100 سے زائد سلنڈر ضبط کر لیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چوڑی مارکیٹ میں ایک ہوٹل پر کارروائی کے دوران 13 سلنڈر قبضے میں لے لیے گئے، خفیہ طور پر ایل پی جی فروخت کرنے پر ایک دکان کو سیل کیا گیا ہے۔