کراچی: ڈاکوؤں کی ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ، باپ جاں بحق، بیٹا زخمی

Published On 20 June,2024 07:06 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈاکوؤں نے عید پر بھی قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری رکھا، ڈکیتی مزاحمت پر باپ بیٹے کو گولیاں مار دیں۔

تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو کراچی کے علاقے کورنگی کوسٹ گارڈ چورنگی میں واقع دکان میں داخل ہوئے اور لوٹ مار شروع کر دی، دکان پر موجود باپ بیٹے نے ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزموں نے دونوں پر فائرنگ کر دی۔

گولیاں لگنے کے نتیجے میں باپ موقع پر دم توڑ گیا جبکہ بیٹا شدید زخمی ہو گیا، مرنے والے شخص کی شناخت ظفر اقبال اور بیٹے کی وہاب کے نام سے ہوئی، فائرنگ کے بعد ڈاکو فرار ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔

ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے بتایا کہ زخمی شہری نے ڈاکوؤں کا پستول چھین کر ان پر فائرنگ کی جس سے 2 ملزمان زخمی ہوئے اور فرار ہو گئے، زخمی حالت میں ملزمان جناح ہسپتال پہنچے تو وہاں متاثرہ شہری بھی موجود تھا، شناخت کرنے پر پولیس نے ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔