کراچی، سانگھڑ: جی ڈی اے رہنما کے قتل میں ملوث سمیت 6 ملزم گرفتار

Published On 09 July,2024 07:10 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور سانگھڑ میں پولیس نے کارروائیاں کر کے 6 خطرناک ملزموں کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تھانہ اتحاد ٹاؤن میں پولیس نے چھاپہ مار کر بہن کو قتل کرنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا، گرفتار ملزم بہن کی جان لینے کے بعد فرار ہو گیا تھا، پولیس نے قاتل بھائی سے آلہ قتل برآمد کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے لانڈھی قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، پولیس نے اسلحہ برآمد کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ادھر نیو کراچی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران 2 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا، ملزمان کی شناخت انیس اور وقاص کے نام سے ہوئی، دونوں ڈکیتی سمیت مختلف وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس نے تھانے منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔

سانگھڑ کے علاقے کھپرو میں پولیس نے کارروائی کر کے جی ڈی اے رہنما خدا بخش درس کے قتل میں ملوث مزید دو ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا گیا، خدا بخش درس کو ایک ہفتہ قبل فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔