لاہور:(دنیا نیوز) تھانہ ستوکتلہ کے علاقہ میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ نواں کوٹ اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ملزمان کے 3 دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
آرگنائزڈکرائم یونٹ نواں کوٹ کے مطابق ستوکتلہ کی حدود میں دو موٹرسائیکل سواروںکو مشکوک جانتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیا، جس پرپانچ افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی، تاہم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر دو افراد گولیں کی زد میں آکر شدیدزخمی ہو گئے جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محموظ رہے۔
دونوں زخمیوں کو طبی امدادکیلئے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کچھ دیر زندگی وموت کی کشمکش میں مبتلارہنے کے بعد راستےمیں ہی دم توڑ گئے،پولیس کے مطابق ایک ملزم کی شناخت طلحہ اقبال کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے ہلاک ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی۔
آرگنائزڈ کرائم یونٹ نواں کوٹ کے ڈی ایس پی رضوان منظورچیمہ نے بتایا کہ ہلاک ملزمان نے چند روز قبل ستوکتلہ اور نواں کوٹ کے علاقہ میں میڈیکل فارمیسی شاپ پر دوران ڈکیتی سیکورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا جبکہ دو افراد کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا تھا،
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان سے فارمیسی شاپ پر قتل ہونے والے سیکورٹی گارڈ سے چھینی گئی رائفل سمیت دو موٹرسائیکلیں بھی ان کے قبضہ سے تحویل میں لے لی گئی ہیں تاہم ملزمان کے دیگر تین ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔