کراچی : (دنیانیوز) پاکستان کسٹم ساؤتھ کی کارروائی پر551 ملین روپے کا سکینڈل بے نقاب ، مرکزی ملزم گرفتار کرلیاگیا۔
کسٹم حکام کے مطابق گلف انٹرپرائزز نامی کمپنی کا رواں سال 10 جولائی اور 23 جولائی کو فیکٹری کے معائنے کے دوران امپورٹ اور ایکسپورٹ کے نام پربے ضابطگیوں اورمالی فراڈ کا انکشاف ہوا ، گرفتار ملزم ابوبکر گلف انٹرپرائزز کا مالک ہے۔
پی سی اے آڈٹ ٹیم کا بتانا ہے کہ برآمد کیےجانے والے163 میٹرک ٹن یارن کوغیر قانونی طور پر چھپایا گیا ، اس مد میں 45 ملین روپے کی ڈیوٹی ٹیکس کی چوری کی گئی۔
تحقیقات میں انکشاف کیا گیا کہ کمپنی نے درآمدی دھاگے پر چھوٹ اور رعایتی ٹیکس کی شرح پر غلط دعویٰ دائر کیا، غلط معلومات کی بنیاد پر 40 ملین سرچارجزکےعلاوہ 298 ملین روپےکی اضافی ٹیکس دیوٹی کی چوری کی گئی، ریکارڈ کے مطابق درآمد کرنے والی کمپنی سمگل شدہ اشیا کی فروخت میں ملوث تھی۔
تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ غیر قانونی طور پر سمگل کیےگئے دھاگے سمیت متعدد اشیاء غیر قانونی طور پر فروخت کی جا رہی تھیں، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 158 ملین روپے کا نقصان ہوا، مذکورہ کمپنی نے اوور انوائسنگ کے ذریعے 173 ملین کی کرپشن کی ۔
قومی خزانے کو 551 ملین روپے کا نقصان پہنچانے والی کمپنی کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ۔