لاہور: (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) ضلع کچہری لاہور نے برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات پھیلانے کے معاملے پرگرفتار ملزم فرحان آصف کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
ضلع کچہری لاہور میں ایف آئی اے سائبر کرائم نے گرفتار ملزم فرحان آصف کو پیش کیا، جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم فرحان آصف کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ملزم سے جلد اَز جلد تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے ملزم کا 14 دن کا جسمانی ریمانڈ مانگا تھا۔
برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات کے معاملے پر ایف آئی اے سائبر کرائم میں فرحان آصف کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ، مقدمہ سائبر کرائم کے ٹیکنیکل اسسٹنٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں پیکا ایکٹ کی دفعہ 9 اور 10 اے کو شامل کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق دوران تفتیش ملزم فرحان آصف نے اعتراف جرم کر لیا، ملزم نے ایکس اکاؤنٹ پر انگلینڈ میں چاقو زنی واقعے کی تصاویر شیئر کیں، ایکس اکاؤنٹ ہینڈلر نے ویب سائٹ پر آرٹیکل بھی پوسٹ کیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل میں 17 سالہ علی ال شکاتی کو چاقوزنی واقعے کا ذمے دار قرار دیا گیا، آرٹیکل میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا کہ گرفتار ہونے والا مسلم ہے۔
آرٹیکل میں حملہ آور کو برطانیہ میں پناہ گزین بھی بتایا گیا، سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے کی وجہ سے فسادات پھوٹ پڑے، ایکس اکاؤنٹ ہولڈر کی شناخت فرحان آصف کے نام سے ہوئی، اس نے غیر ملکی چینل کو غلط معلومات دینے کا بھی اعتراف کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق معلومات میں ملزم نے الزام دیگر لوگوں پر عائد کرنے کی کوشش کی، دوران تفتیش ایکس اکاؤنٹ ملزم کا ہی ہونے کی تصدیق کی گئی، ملزم سے دو لیپ ٹاپ اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔
خیال رہے کہ 20 اگست کو ملزم کو آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے حراست میں لیا تھا جس کو مزید تفتیش کے لیے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کے حوالے کیا گیا۔
واضح رہے کہ 19 اگست کو برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں تین کمسن لڑکیوں پر جان لیوا حملے کے خلاف ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ہونے والے ہنگاموں کے بعد پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ایسی ویب سائٹ کے ذریعے غلط معلومات پھیلانے کے دعوؤں کی تحقیقات شروع کردی تھی جس کا فٹ پرنٹ پاکستان میں بھی موجود ہے۔
برطانیہ میں کی گئی تحقیقات کے نتیجے میں بھی یہ بات سامنے آئی کہ جعلی خبروں کی وجہ سے برطانیہ میں ہنگامہ آرائی پھیلانے میں ملوث پاکستانی شہری فرحان آصف نے تن تنہا یہ کارروائی کی تھی۔