لاہور: (دنیا نیوز) طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قاتل سے متعلق مزید انکشافات سامنے آ گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شوٹر اظہر بٹ ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں لاہور پولیس کو مطلوب تھا، شوٹر اظہر بٹ کو پولیس اس سے قبل بھی گرفتار کر چکی ہے، شوٹر اظہر بٹ کے گینگ کا ایک ساتھی مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک بھی ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق شوٹر اظہر نے ساتھی کی ہلاکت کے بعد جرائم کی دنیا چھوڑ کر رکشہ چلانا شروع کر دیا تھا، وہ بیوی بچوں کا پیٹ پالنے کے لئے انارکلی میں گارمنٹس کی دکان پر بھی کام کرتا رہا اور اسلام پورہ میں بیوی اور تین بچوں کیساتھ کرائے کے فلیٹ میں رہائش پذیر تھا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ معاشی حالات سے تنگ آکر شوٹر اظہر نے دوبارہ جرائم کی دنیا میں قدم رکھا، ملزم نے اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ مل کر طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کی سپاری لی۔
اظہر بٹ اور اس کے ایک ساتھی الیاس کو پشاور سے گرفتارکیا گیا جبکہ ریکی کرنے والے فرار دوساتھیوں کی گرفتاری کے لئے کوشیشں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق اظہر بٹ اور اس کے ساتھی الیاس نے مبینہ طور پر سپاری دینے والے کا نام بھی پولیس کو بتا دیا ہے۔