کراچی: (دنیا نیوز) سندھ رینجرز اور کسٹم انفورسمنٹ کا سمگلنگ کی روک تھام کیلئے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق سندھ رینجرز اور کسٹم انفورسمنٹ کی جانب سے کھارادر کے علاقے بولٹن مارکیٹ یوسف پلازہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کے دوران 10 کروڑ روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد کر لی گئیں۔
مشترکہ آپریشن میں رینجرز اور کسٹم انفورسمنٹ کی بھاری نفری نے حصہ لیا، آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں نان کسٹم پیڈ اشیاء سگریٹ، الیکٹرک سگریٹ، شیشہ فلیور، گھڑیاں، چاکلیٹ، صابن، پرفیوم، مختلف اقسام کے کاسمیٹکس کا سامان اور مختلف نوعیت کی اشیائے خورونوش برآمد کر لی گئیں۔
حکام کے مطابق سمگل شدہ سامان مختلف گوداموں میں چھپایا گیا تھا، برآمد شدہ نان کسٹم پیڈ اشیاء 12 مزدہ ٹرکوں کے ذریعے مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹم انفورسمنٹ کے حوالے کر دی گئیں۔