ایف آئی اے نے ایک ماہ میں 38 انتہائی مطلوب سمیت 185 انسانی سمگلرز گرفتار کرلیے

Published On 16 January,2025 01:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) کا انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاون جاری ہے۔

ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف پیش رفت رپورٹ تیار کرلی۔

رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے حالیہ ایک ماہ کے دوران ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب 38 انسانی سمگلرز سمیت 185 ہیومن سمگلرز اور ایجنٹس کو گرفتار کیا ، ایف آئی اے کی جانب سے یونان کشتی حادثہ 2024 میں ملوث 16 ایجنٹس کو بھی گرفتار کیا گیا ۔

ایف آئی اے کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے 20 اہلکاروں کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کی گئی، سال 2023 کے یونان کشتی حادثہ کے حوالے سے 15 اشتہاریوں اور 15 ماسٹر مائنڈ انسانی سمگلروں کو گرفتار کیا گیا، انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کی 45 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد ضبط کی گئی ، ملزمان کے زیر استعمال 7 کروڑ روپے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ انٹرپول کے ذریعے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے 20 ریڈ نوٹسز جاری کیے گئے، یونان کشتی حادثہ میں ملوث 38 ایف آئی اے اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کیا گیا، ناقص تفتیش اور پیروی کے باعث 12 ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو چارج شیٹ کیا گیا اور وزارتِ داخلہ کو رپورٹس بھجوائی گئیں۔

ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق ناقص نگرانی پر 4 زونل ڈائریکٹرز سے وضاحت طلب کی گئی، لیبیا کشتی حادثہ 2024 کے تناظر میں 30 اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی گئی ۔

ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے کہا ہے کہ کشتی حادثہ میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے، ملک کے تمام ایئرپورٹس پر تعینات افسران ایجنٹوں کے گرفتاری کے لئے کڑی نگرانی کریں۔