اوکاڑہ: (دنیا نیوز) اوکاڑہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تھانہ صدر کے علاقہ رائے پور پل کے قریب 03 ڈاکوؤں نے ناکہ لگانے کی کوشش کی، پولیس معمول کے گشت پر تھی، پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہو گیا، پولیس پارٹی کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، کچھ دیر بعد فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر ایک ڈاکو مردہ حالت میں پایا گیا، دو ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت شہزاد عرف شہزادی کے نام سے ہوئی ہے، ڈاکو ڈکیتی اور راہزنی جیسے 17 سنگین مقدمات میں ملوث تھا، مارے گئے ڈاکو نے چند روز قبل پولیس کانسٹیبل مدثر کو دوران ڈیوٹی فائرنگ کر کے زخمی بھی کیا تھا۔