ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ غازی خان میں خوارجی دہشتگردوں نے ایک بار پھر تھانہ وہوا کی جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جسے چوکی پر تعینات پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے ناکام بنا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 سے 20 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر مختلف اطراف سے حملہ کیا، دہشتگردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا، پولیس جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی اور فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان منج نے پولیس آپریشن کی قیادت کی، ڈی پی او ڈی جی خان سید علی بھی ہمراہ تھے، پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشتگرد حملہ آوروں کا بھاری جانی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس ٹیموں کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، خوارجی دہشت گردوں نے گزشتہ سال بھی یکم اور 02 مئی کی درمیانی شب اسی چوکی پر حملہ کی ناکام کوشش کی تھی، گزشتہ دو سال میں پنجاب پولیس کی سرحدی چوکیوں پر خوارجی دہشت گردوں کا یہ حالیہ 18واں حملہ ناکام بنایا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق پنجاب پولیس الرٹ ہونے پر دہشتگرد مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکے، دہشت گردوں کے حالیہ حملے میں جھنگی چوکی پر تعینات تمام اہلکار حملے میں محفوظ رہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت، حکومتی فنڈ نگ سے جھنگی چیک پوسٹ کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رات کی تاریکی میں حملے کی بزدلانہ حرکت پر آئندہ بھی دشمن کو منہ کی کھانی پڑے گی، پنجاب پولیس کا ہر سپاہی ملک و قوم کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔