لاہور: (دنیا نیوز) سادہ لوح شہریوں کے فنگر پرنٹس اور ڈیٹا چوری کرکے سمیں نکلوانے والا بڑا گینگ پکڑا گیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم لاہور نے مختلف سیلولر کمپنیز کی فرنچائزز سے 5 ملزمان گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، دوران تفتیش ملزمان نے مبینہ ملی بھگت سے ایک لاکھ سے زائد لوگوں کا ڈیٹا خریدنے کا انکشاف کیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزمان نے کشمیر، سندھ، کے پی اور پنجاب کے لوگوں کے انگوٹھوں کے نشانات خریدے، ایف آئی اے نے پہلا چھاپہ معروف سیلولر کمپنی کی فرنچائز پر مار کر فرنچائز کے مالک کو گرفتار کر لیا۔
فرنچائز کے مالک کی نشاندہی پر مزید 4 افراد گرفتار کئے گئے، گرفتار ملزمان سے 5 بی وی ایس، 15 سو پیپر فنگر پرنٹس ، 1 لیپ ٹاپ اور ایک ایزی پیسہ سکینر بھی برآمد کر لیا گیا۔
مقدمہ کے متن کے مطابق ایف آئی اے نے پی ٹی اے کی درخواست پر معاملے کی تحقیقات کیں، دوران تفتیش پتا چلا کے پی ٹی اے رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فنگر پرنٹس سے سمیں جاری کی جاتی تھیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر چودھری سرفراز نے کہا کہ ملزمان سادہ لوح شہریوں کے جعل سازی سے لیے گئے فنگر پرنٹس سے سمیں جاری کرتے تھے، نادرا کے ملازمین سے بھی ڈیٹا کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ جلد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔