مصطفیٰ عامر قتل کیس: ملزم ارمغان کیخلاف 11 مقدمات کے اندراج کا انکشاف

Published On 04 March,2025 01:50 am

کراچی: (دنیا نیوز) مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کا کیس، ملزم ارمغان کے خلاف 11 مقدمات کے اندراج کا انکشاف ہوگیا۔

ملزم 11 میں سے 2 مقدمات میں صلح نامہ کرچکا ہے، مرکزی ملزم ارمغان کی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی، ملزم ارمغان خیابان مومن میں بنگلے میں کال سینٹر چلاتا ہے، ماہانہ آمدن کروڑوں روپے ہے، نیو ایئر نائٹ پر ملزم ارمغان نے اپنے بنگلے پر لڑکے اور لڑکیوں کی پارٹی رکھی تھی۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق پارٹی سے قبل زوما عرف اولیویا ملزم ارمغان کے بنگلے پر آئی، بات چیت کے دوران تلخ کلامی ہونے پر زوما بنگلے سے چلی گئی، اگلے روز ملزم ارمغان اور مصطفیٰ کا ذاتی وجوہات پر جھگڑا ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا 5 جنوری کو ارمغان نے زوما اور شیراز کو اپنے بنگلے پر بلایا، ملزم ارمغان نے زوما کو لوہے کے راڈ سے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ زخمی ہوگئی، 6 جنوری کی رات 9 بجے مصطفیٰ بھی ارمغان کے بنگلے پر آیا، مصطفیٰ سے جھگڑا ہونے پر اسے بھی ارمغان نے لوہے کے راڈ سے مارا۔

انکوائری رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے مصطفیٰ کو اس کی گاڑی کی ڈگی میں ڈالا اور حب لے گئے، ملزمان مقتول کا موبائل فون اور دیگر سامان راستے میں پھینکتے رہے، رات ساڑھے 4 بجے حب پہنچے اور گاڑی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔