لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دار الحکومت کی گلیوں میں کھڑی گاڑیوں سے سامان چرانے والے گروہ متحرک ہو گئے۔
گلشن راوی میں نامعلوم چور شہری ندیم اقبال کی گاڑی سے سامان لے اڑا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔
واردات 3 اپریل کی صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب رحمان پارک میں ہوئی، سی سی ٹی وی میں چور دکھائی دیتا ہے جو رومال سے اپنا منہ ڈھانپے گلی میں چکر لگا کر اطراف کا جائزہ لیتا ہے۔
موقع ملتے ہی چور شہری ندیم اقبال کی گھر کے باہر کھڑی گاڑی کی جانب بڑھتا ہے، ملزم گاڑی کا دروازہ کھول کر ڈیک اور سپیکر سمیت دیگر سامان نکالتا نظر آتا ہے۔
چند منٹوں کی واردات کے دوران چور سامان چرا کر فرار ہو جاتا ہے، گلشن راوی پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا، سی سی ٹی وی فوٹیج و دیگر شواہد کی مدد سے ملزم کی تلاش کی جا رہی ہے۔