لاہور: (دنیا نیوز) جرمانے کی وجہ سے جیل میں قید اسیران کی سنی گئی، اب زکوٰۃ فنڈز سے قیدیوں کا جرمانہ ادا کر کے ان کی رہائی ممکن ہو سکے گی۔
زکوٰۃ و عشر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے نئی سکیم متعارف کروا دی گئی، ابتدائی طور پر سکیم 10 ڈویژنز میں شروع کی گئی۔
زکوٰۃ اور عشر پنجاب کی جانب سے مراسلہ آئی جی جیل خانہ جات کو بھجوا دیا گیا، جس کے مطابق گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، فیصل آباد اور سرگودھا میں یہ سکیم متعارف کروائی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق لاہور، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی یہ سکیم شروع کی گئی ہے، قیدیوں کی رہائی کے لئے 50 ملین جاری کر دیئے گئے ہیں، ہر ضلع کو 5 ملین جاری کئے گئے۔
متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ اور عشر کمیٹی کے ممبر کی مشاورت سے پیسے استعمال کئے جائیں گے، محکمہ زکوٰۃ و عشر پنجاب کی جانب سے رہائی کا طریقہ کار بھی جاری کر دیا گیا۔