سنگین مقدمات میں مطلوب 2 اشتہاری ملزمان یو اے ای سے گرفتار

Published On 06 April,2025 11:41 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تین سال سے قتل و اقدامِ قتل کے مقدمات میں مطلوب ملزمان علی زیب اور ولید سجاد کو یو اے ای سے گرفتار کر کے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق ملزمان تھانہ علی پور اور تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ کو مطلوب تھے جو سنگین وارداتوں کے بعد بیرون ملک فرار ہوگئے تھے، ان کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ریڈ نوٹس جاری کر رکھے تھے۔

ملزمان کو پرواز نمبر ER702 کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ لایا گیا جہاں سے پنجاب پولیس کی ٹیموں نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا، حکام کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی انٹرپول اسلام آباد اور انٹرپول ریاض کے درمیان قریبی رابطہ کاری کا نتیجہ ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس این سی بی انٹرپول 24/7 دنیا بھر سے رابطے میں ہے اور دیگر مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔