اے این ایف کی کارروائیاں، ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی منشیات برآمد، 5 افراد گرفتار

Published On 03 May,2025 09:23 am

کراچی: (شہباز خان) اے این ایف نے انسداد سمگلنگ کارروائیوں میں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر لیں۔

ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران 4 مختلف کارروائیوں میں 2 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرکے تقریباً ایک کروڑ 54 لاکھ روپے مالیت کی 41 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لی گئیں۔

لاہور کے علاقے واہگہ میں موٹر سائیکل سوار 2 خواتین سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 870 گرام چرس، 320 گرام آئس اور 47 گرام افیون برآمد کر لی گئی، اسی طرح شاہدرہ کالا خطائی روڈ پر ملزم سے 2 کلو گرام آئس برآمد ہوئی۔

علاوہ ازیں کوٹ لکھپت لاہور میں کوریئر آفس میں سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل سے 28 کلوگرام جذب شدہ آئس برآمد کرلی گئی۔

اُدھر بلیلی روڈ کوئٹہ پر ریلوے سٹیشن کے قریب ملزم سے 10کلو گرام چرس برآمد ہوئی ہے، تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔