بہاولنگر: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس کے ایک اور دلیر افسر نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کر دی۔
تھانہ صدر ہارون آباد کی حدود میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر شاہد پرویز شہید ہو گئے، وہ سی سی ڈی میں تعینات تھے اور ڈیوٹی کے دوران شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے فوری نوٹس لیا اور آر پی او بہاولپور سے مکمل رپورٹ طلب کی۔
آئی جی پنجاب نے ڈی پی او بہاولنگر کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے سب انسپکٹر شاہد پرویز کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بہادر افسران پولیس فورس کا فخر ہیں اور ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
آئی جی پنجاب نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ شہید کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ڈی پی او بہاولنگر نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مختلف مقامات پر سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
ڈی پی او بہاولنگر نے کہا کہ امید ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہید افسر کو سلام پیش کرتی ہے۔