کھڈیاں خاص: (دنیا نیوز) لوٹ مار کرتے 4 ڈاکو دیہاتیوں کے ہتھے چڑھ گئے، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر دو ہلاک، دو فرار ہوگئے۔
دو بھائی گاؤں دوست پورہ جارہے تھے، ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر قریبی فصل مکئی میں لے جا کر نقدی اور قیمتی موبائل لوٹ لئے، شور کرنے پر قریبی آبادی کے لوگ کافی تعداد میں جمع ہوگئے۔
ڈاکوؤں نے دیہاتیوں پر سیدھی فائرنگ کر دی، مبینہ طور پر ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک، دوسرا ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس زخمی ڈاکو کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال لے جا رہی تھی کہ وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستہ میں ہی دم توڑ گیا۔
ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت صابر اور مشتاق کے نام سے ہوئی ہے، کھڈیاں پولیس نے لاشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کر دی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔