کراچی: 13 کروڑ کی ڈکیتی،ملزم گرفتار، بہن بھائی سمیت 4 ٹک ٹاکر ملوث نکلے

Published On 30 June,2025 03:23 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں 13 کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث ملزم گرفتار کر لئے گئے جبکہ معروف بہن بھائی سمیت 4 ٹک ٹاکر ملوث نکلے۔

شہر قائد کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں گاڑیوں کے شو روم کے مالک کے گھر ڈکیتی کی بڑی واردات کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزموں نے جعلی ایف آئی اے اہلکار بنکر 13 کروڑ روپے، قیمتی موبائل فونز، گھڑیاں، پرفیوم اور دیگر اشیاء لوٹی تھیں۔

پولیس حکام نے بتایاکہ واردات 25 اور 26 جون کی درمیانی شب ساڑھے تین بجے ہوئی، جب متاثرہ شہری محمد سالک خالد بن ولید روڈ سے اپنے گھر پہنچا اور گاڑی پارک کر رہا تھا کہ اسی دوران ایک سیاہ رنگ کی گاڑی آکر رکی۔

پولیس حکام نے مزید بتایاکہ گاڑی میں سوار دو مسلح مرد اور تین برقعہ پوش خواتین نے اسے یرغمال بنا کر گھر میں داخل ہونے پر مجبور کیا، مدعی نے پولیس کو بتایا کہ ایک ملزم ایف آئی اے سے مشابہہ وردی پہنے ہوئے تھا، جس پر ایف آئی اے کا مونوگرام بھی چسپاں تھا۔

ملزم گھر کے اندر داخل ہو کر اسلحے کے زور پر نقد 13 کروڑ روپے، آئی فون، گوگل پکسل سمیت 9 موبائل فون، 20 قیمتی گھڑیاں، ایک اسمارٹ واچ، 25 پرفیوم، 2 لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی اور ملزموں کی شناخت کرکے کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کرلیا، جن میں دو خواتین یسرا، نمرا اور ان کا بھائی شہریار شامل ہیں جبکہ ایک اور شریک ملزم شہروز کی تلاش جاری ہے، پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی۔