گوجرہ: (دنیا نیوز) سی سی ڈی نے گوجرہ کے نواحی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے شاہ گینگ کے مزید دو اشتہاری ملزمان کو پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا، شاہ گینگ کے خلاف آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق سی سی ڈی ٹیم نے اشتہاریوں کی موجودگی پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جو تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہی، فائرنگ کے تبادلے کے بعد جب سرچ آپریشن کیا گیا تو دو ملزمان زخمی حالت میں ملے۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق زخمی ملزمان کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے اشتہاریوں کی شناخت محمد وقاص اور انعام الحق عرف فوجی کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق علاقے میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے شاہ گینگ سے تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان قتل، ڈکیتی، راہزنی اور بھتہ خوری سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے جبکہ شاہ گینگ کے چار سرغنہ گزشتہ دنوں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق پنجاب بھر میں مفرور اشتہاریوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور مفرور ملزمان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سی سی ڈی کے سامنے ہتھیار ڈال دیں بصورت دیگر کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔