کراچی: (دنیا نیوز) رینجرز اور نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی مشترکہ کارروائی، شہر قائد میں میں آن لائن مالیاتی فراڈ کرنے والا بین الاقوامی نیٹ ورک بے نقاب، ملزم گرفتار کر لیے گئے۔
سکاؤٹ کالونی اور بکس علی گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران غیر ملکیوں کو قرض، انعام اور دھوکے سے لوٹنے والا گروہ گرفتار کر لیا گیا، ملزم جعلی موبائل ایپ، آواز کی جعلی کالز اور دھمکیوں کے ذریعے پیسے بٹورتے تھے۔
ملزمان خود کو کویتی اہلکار ظاہر کر کے شہریوں کو بلیک میل کرتے تھے، جعلی کویتی پولیس وردی، سرکاری نشانات اور دستاویزات برآمد کر لی گئیں۔
فراڈ کے لیے انٹرنیٹ بینکنگ، حوالہ اور ویسٹرن یونین کا استعمال کیا گیا، جعلی لاٹری سکیموں سے متاثرین سے بھاری رقوم وصول کی گئیں۔
گرفتار افراد کے قبضے سے حساس ذاتی ڈیٹا، جعلی شناختی مواد اور موبائل فون برآمد کر لئے گئے، کارروائی میں متعدد افراد گرفتار کر لیے گئے جبکہ مرکزی ملزم عبدالغفار سمیت محمد گل باز، محمد یوسف، محمد عدنان، محمد شریف فرار ہو گئے۔
ملزموں کے خلاف تمام مقدمات الیکٹرانک جرائم ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 66/2025 اور 67/2025 تھانے میں درج کر دیئے گئے۔