انڈین دہشت گرد ایجنسی 'را' کے 6 سہولت کار پنجاب کے مختلف اضلاع سے گرفتار

Published On 25 June,2025 05:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انڈین دہشت گرد ایجنسی 'را' کے 6 سہولت کار پنجاب کے مختلف اضلاع سے گرفتار کر لئے گئے۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے آپریشن یلغار کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے دھماکہ خیز مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد کر لیے، بہاولپور میں دبئی سے فنڈنگ کرنے والا  را  کا سہولت کار رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

شہزاد سلطان نے بتایا کہ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (BSF) سے براہ راست IEDs حاصل کرنے والے 2 افراد بہاولنگر سے گرفتار کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے بہاولپور میں مسجد اور ریلوے سٹیشن پر حملے کی منصوبہ بندی بے نقاب کر دی،  را  افسران میجر رویندرا راٹھور اور انسپکٹر سنگھ کی آڈیو انٹرسیپٹس (intercepts) حاصل کیں۔

سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ دہشت گردوں سے IEDs، حفاظتی فیوز اور خفیہ نقشے برآمد ہوئے، بھارت سے ملنے والی ہدایات میں ٹارگٹ کلنگ اور حساس مقامات پر حملے شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے ہمیشہ کامیاب آپریشنز کرکے پنجاب کو محفوظ بنایا ہے۔