خیر پور جیل میں مسلح افراد کی فائرنگ سے قیدی جاں بحق

Published On 24 June,2025 06:23 pm

خیرپور:(دنیا نیوز) اندورن سددھ کی سینٹرل جیل خیرپور میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں قیدی ہاشم رند ہلاک ہو گیا۔

ایس ایس پی خیرپور کے مطابق جیل میں فائرنگ سے 2 قیدی زخمی بھی ہوئے ہیں، جبکہ پولیس کی بھاری نفری سینٹرل جیل پہنچ گئی، مسلح ملزمان باہر سے جیل میں آ کر چھپ گئے تھے، قیدی کو عدالت سے جیل لایا گیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 1 ملزم زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی خیرپور کا کہنا ہے کہ جیل کے اندر مسلح ملزمان کیسے داخل ہوئے، اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل خیرپور میں جیل کوارٹرز کے پاس دیوار گری ہوئی تھی وہاں سے ملزمان جیل میں داخل ہوئے، مسلح افراد 1 قیدی کو ہلاک اور 2 کو زخمی کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔