قصور: (دنیا نیوز) کمسن بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
قصور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد عیسیٰ خان کے مطابق ملزم نے تین روز قبل شاہ عنایت کالونی میں گلی میں کھیلتی ہوئی ایک کمسن بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کی تھیں۔
ڈی پی او محمد عیسیٰ خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) آصف جاوید کو ہدایت کی تھی کہ 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کیا جائے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو دھنپت روڈ پر اس وقت پکڑا گیا، جب وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے پستول نکال کر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں وہ زخمی ہوا اور پولیس نے اسے گرفتار کر کے قصور ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق خواتین اور معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔