پھالیہ: (دنیا نیوز) خون سفید ہوگیا، بدبخت بیٹے نے والدین اور بیوی کو قتل کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق پھالیہ علاقہ سعداللہ پور میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں احسان اللہ نامی ملزم نے اپنے والد، والدہ اور بیوی پر فائرنگ کر کے انہیں قتل کر دیا، ملزم کویت میں ملازمت کرتا ہے، چند دن قبل ہی گھر آیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 75 سالہ محمد حسین، 70 سالہ رسول بی بی اور 35 سالہ ماریہ بی بی جاں بحق ہوگئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کے والد نے 2 کروڑ روپے میں زمین فروخت کی تھی، ملزم اپنے والد سے رقم کا تقاضا کرتا تھا، رقم کے تقاضے پر باپ بیٹے میں شدید تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد ملزم احسان اللہ مشتعل ہوگیا اور اس نے اپنے والدین اور بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال پھالیہ منتقل کر دیا گیا، جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔