راولپنڈی: غیرت کے نام پر قتل خاتون کی قبر کشائی، معائنہ کے بعد تدفین، 9 ملزم گرفتار

Published On 28 July,2025 11:24 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی خاتون سدرہ کے کیس میں عدالتی حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ قمر عباس تارڑ کی نگرانی میں چھتی قبرستان پیرودھائی میں قبر کشائی کی گئی۔

قبر کشائی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ایلیٹ فورس اہلکار قبرستان میں تعینات رہے جبکہ قبر کے اردگرد قناتیں اور شامیانے لگائے گئے تھے۔

ہولی فیملی ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر مصباح کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم موقع پر موجود رہی، عدالتی مجسٹریٹ کے معائنے کے بعد ٹی ایم اے کے عملے نے قبر کھودنے کا عمل شروع کیا، اس موقع پر 2 ملزمان، گورکن راشد اور قبرستان کمیٹی کے سیکرٹری سیف الرحمٰن کو بھی نشاندہی کے لیے لایا گیا تھا۔

قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل ہونے کے بعد خاتون کی دوبارہ تدفین کر دی گئی۔ 

ادھر گرفتار افراد کی تعداد 9 ہو گئی، تین ملزمان گورکن راشد محمود، سیکرٹری قبرستان کمیٹی سیف الرحمان اور رکشہ ڈرائیور خیال محمد ریمانڈ پر ہیں جبکہ آج مزید 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سابق خاوند ضیاء الرحمن، بھائی ظفر اللہ، پہلا سسر سلیم خان، والد عرب گل، سابق وائس چیئرمین عصمت اللہ اور چچا مانی گل شامل ہیں۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں سدرہ کو غیرت کے نام پر قتل کر کے خاموشی سے دفن کر دیا گیا تھا، پولیس تحقیقات کے مطابق سدرہ کو گھر سے بھاگنے پر جرگے کے حکم پر قتل کیا گیا، بعد ازاں اسے رات کی تاریکی میں قبرستان میں دفن کر کے نشانات مٹا دیئے گئے تھے۔