جڑواں شہروں میں بھی غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ سامنے آنے پر 8 ملزم گرفتار

Published On 25 July,2025 07:21 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) جڑواں شہر میں بھی غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ سامنے آگیا، 8ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

ذرائع کے مطابق تھانہ پیرودھائی کی حدود فوجی کالونی میں غیرت کے نام پر لڑکی کے مبینہ قتل کا افسوسناک واقعہ رپورٹ ہوا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے عدالت سے مقتولہ کی قبرکشائی کی اجازت حاصل کرلی ہے۔

عدالت میں علاقہ مجسٹریٹ قمر عباس تارڑ نے قبرکشائی کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل طلب کر لیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ  ہم معاملے کی تہہ تک پہنچنا چاہتے ہیں۔

عدالت نے ایس ایچ او اور ٹی ایم اے حکام کو حکم دیا ہے کہ قبر پر اہلکاروں کو تعینات کیا جائے تاکہ شواہد محفوظ رہیں۔

ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ مقتولہ سدرہ کے شوہر ضیاءالرحمان نے پہلے اس کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا، جس میں 17 جنوری کو ہونے والے نکاح کا ذکر بھی موجود ہے، 21 جولائی کو تھانہ پیرودھائی میں درج ایف آئی آر میں بیوی پر طلائی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہونے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

دوسری جانب ایف آئی آر میں ایک عثمان نامی شخص سے مبینہ تعلق اور غیر شرعی نکاح کا بھی ذکر کیا گیا ہے، لڑکی کی تلاش پر سسرال والوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بعد ازاں انکشاف ہوا کہ مقتولہ سدرہ کو خاندان والوں نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کرکے خاموشی سے دفنا دیا، پولیس نے مقتولہ کے شوہر، سسر سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔