کراچی: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کراچی زون نے حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث منظم گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کورنگی انڈسٹریل ایریا سے 2 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس کے دوران گرفتار ملزمان محمد جنید اور وسیم کے قبضے سے 8 لاکھ روپے برآمد کئے گئے، یہ افراد موٹر سائیکل کے ذریعے غیرقانونی رقوم کی ترسیل میں ملوث تھے۔
ملزمان کی نشاندہی پر ایف آئی اے نے ایک کارروائی کے دوران گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے بھاری مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی، لیجرز اور دیگر شواہد برآمد ہوئے۔
ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی کرنسی میں 99 لاکھ روپے نقدی، 13,500 برطانوی پاؤنڈ، 6,300 امریکی ڈالر، 14,500 سعودی ریال، 10,900 یو اے ای درہم، 1,150 یورو اور 8,000 تھائی بھات شامل ہیں، اس کے علاوہ 23 لاکھ روپے مالیت کے ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس بھی ضبط کئے گئے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔
ایف آئی اے نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی نیٹ ورک کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔