راولپنڈی: جرگہ کے حکم پر قتل کیس: پولیس کو مقتولہ سدرہ کا موبائل اور پرس مل گیا

Published On 09 August,2025 01:26 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں جرگہ کے حکم پر قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

پولیس کو مقتولہ سدرہ کا موبائل فون اور پرس مل گیا، موبائل فون ملزم ضیا الرحمان کی نشاندہی پر برآمد کیا گیا، مقتولہ کے موبائل فون کا فرانزک کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا، موبائل فون کا کال ڈیٹا بھی حاصل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پولیس نے بتایا تھا کہ سدرہ کے قتل کا فیصلہ جرگے کے سربراہ عصمت اللہ نے دیا تھا، لڑکی کو 17 اور 18 جولائی کے درمیانی رات گلا دبا کر قتل کر کے دفنایا گیا تھا۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا تھا کہ 11 سے 16 جولائی کے درمیان جرگے میں عصمت اللہ پیش پیش رہا، جرگے کے سربراہ عصمت اللہ کی بازار میں ہوائی فائرنگ کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی تھی، پولیس عصمت اللہ کو گرفتار کر چکی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق 19 سالہ لڑکی کی شادی 7 ماہ پہلے جنوری میں ہوئی تھی، مقتولہ کے شوہر ضیاء الرحمٰن نے قتل کے 4 دن بعد 21 جولائی کو ایف آئی آر بھی درج کروائی کہ اس کی بیوی گھر سے بھاگ گئی ہے اور عثمان نامی شخص سے غیر شرعی نکاح کر لیا ہے۔

پولیس نے یہ بھی بتایا تھا کہ قتل کے واقعے میں سہولت کاری کرنے والے گرفتار 3 ملزمان سے اہم شواہد حاصل کر لئے گئے ہیں، تینوں ملزموں سے قبر کی رسیدیں، بیلچہ برآمد کر لیا گیا ہے، یہ سب چیزیں گورکن، سیکرٹری قبرستان اور رکشہ ڈرائیور کی نشاندہی پر برآمد کی گئی تھیں۔