سیالکوٹ: (دنیا نیوز) انسانی سمگلرز نے زمینی راستوں پر سختی کے بعد نیا طریقہ واردات اپنا لیا۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق 22 افراد پر مشتمل جعلی فٹبال ٹیم سیالکوٹ ایئرپورٹ سے جاپان پہنچ گئی، دستاویزات جعلی ثابت ہونے پرجاپان نے تمام افراد کو واپس ڈی پورٹ کردیا اور اسکینڈل میں ملوث ملزم ملک وقاص کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق تمام افراد کو فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کی طرح تربیت دی گئی، ملزم نے 22 افراد سے فی کس 40 لاکھ روپے وصول کیے، تھانہ ایف آئی اے گوجرانوالہ میں واقعے کا مقدمہ بھی درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔
ایف آئی اے نے بتایاکہ ملزم نے فٹ بال فیڈریشن کی جعلی رجسٹریشن دستاویزات بنائیں، جعلی دستاویزات کے مطابق ملزمان کے جاپان میں فٹ بال میچ شیڈول تھے، ملزم نے وزارت خارجہ کے جعلی کاغذات بھی تیار کیے تھے، 22 افراد نے فٹ بال ٹیم کے روپ میں سیالکوٹ ائیرپورٹ سے فلائی کیا، جاپان ائیرپورٹ پر جعلی دستاویزات پکڑی گئیں۔
گرفتار ملزم نے اعتراف کیاکہ جنوری 2024 میں بھی جعلی فٹبال ٹیم میں 17 افراد کو جاپان بھجوایا تھا۔