گوجرانوالہ: ایف آئی اے نے 3 انسانی سمگلر سمیت 4 ملزمان گرفتار کر لئے

Published On 29 August,2025 11:13 am

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کر کے 3 انسانی سمگلر سمیت 4 ملزمان گرفتار کر لئے۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے مراکش کشتی حادثہ، شہریوں کو بیرون ملک تشدد اور یرغمال بنانے میں ملوث 3 انسانی سمگلر سمیت 4 ملزمان کو حافظ آباد اور گجرات کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا، گرفتار ملزمان میں عمر حیات، محمد سفیان، محمد نعمان اور محمد عثمان شامل ہیں۔

ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے، گرفتار ملزم عمر حیات مراکش کشتی حادثے میں ملوث ہے، ملزم نے علی حسن نامی شہری کو فرانس ملازمت کے نام پر 80 لاکھ روپے بٹورے، ملزم نے شہری کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے کی کوشش کی جو حادثے کا شکار ہوگئی، کشتی حادثے میں شہری لاپتہ ہوگیا تھا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم محمد سفیان اور محمد نعمان نے شہری کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر 87 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے، ملزمان نے متاثرہ شہری کو کینیڈا کے بجائے انڈونیشیا بھجوا دیا، انڈونیشیا میں ملزمان کے ساتھیوں نے متاثرہ کو یرغمال بنا کر تاوان وصول کیا، ملزمان دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے انڈونیشیا میں شہری پر تشدد کرتے رہے، شہری بھاری رقم ادا کرنے کے بعد پاکستان واپس آگیا۔

گرفتار ملزم محمد عثمان نے شہری کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر 11 لاکھ روپے بٹورے، ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا، ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گیا تھا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔