حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث اشتہاری سمیت 3 ملزمان گرفتار

Published On 04 September,2025 11:06 am

لاہور: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث اشتہاری سمیت 3 ملزمان گرفتار کر لئے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث اشتہاری سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا، جن کی شناخت محمد اسلم، محمد بلال سرور اور محمد عثمان غنی کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزم محمد اسلم نے درخواست گزار سے ایک لاکھ 54 ہزار سعودی ریال ہتھیا کر حوالہ ہنڈی کے ذریعے پاکستان بھیجے، ملزم فراڈ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث پایا گیا، ملزم کافی عرصہ سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا، چھاپہ مار کارروائی میں ضلع وہاڑی سے گرفتار کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان محمد بلال سرور اور محمد عثمان غنی سے بھاری تعداد میں معروف رجسٹرڈ کمپنی کی جعلی پروڈکٹس برآمد ہوئیں، ملزمان رجسٹرڈ کمپنی کی جعلی پروڈکٹس کا سٹاک رکھنے اور فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے، ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں لاہور سے گرفتار کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔